ابراہیم پٹنم فائرنگ واقعہ میں چھ افراد گرفتار

   

اندرون 48 گھنٹے کیس کا حل ، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مہیش بھگوت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ابراہیم پٹنم فائرنگ واقعہ کے کیس کو حل کرتے ہوئے پولیس نے 6 افراد بشمول اصل سرغنہ میر ریڈی مٹاریڈی کو گرفتار کرلیا ۔ یکم مارچ کو صبح کی اولین ساعتوں میں دو رئیل اسٹیٹ تاجرین کا گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا ۔ پولیس نے 48 گھنٹے کے دوران اس کیس کو حل کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ پولیس مہیش بھگوت نے قتل کی وجوہات کو بتاتے ہوئے کہا کہ مٹا ریڈی کی ایماء پر کرایہ کے قاتلوں کو استعمال کرتے ہوئے دونوں 40 سالہ سرینواس ریڈی ساکن الماس گوڑہ اور 40 سالہ راگھویند ریڈی ساکن میر پیٹ کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا ۔ ان کے درمیان اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا ۔ لیک ویو میں سرینواس ریڈی نے 14 ایکڑ اراضی کا معاہدہ کیا تھا ۔ اور اس کا معاہدہ اس کے بے نامی کرشنا کے نام پر تھا اور اس اراضی پر جے سی بی کے ذریعہ کام جاری تھا ۔ اس علاقہ میں مٹا ریڈی کا اثر و رسوخ تھا ۔ سرینواس ریڈی کی جانب سے اراضی کے معاہدہ کے بعد مٹا ریڈی کا اثر کم ہونے لگا اور رینواس ریڈی نے مٹا ریڈی کو اراضی کے قریب دکھائی دینے پر دھمکیاں بھی دی تھی ۔ اس بات پر برہم اس نے دشمنی نکالنے کے لیے قتل کی سازش تیار کی ۔ پولیس نے مٹا ریڈی 43 سالہ کے ساتھ چوکیدار 34 سالہ خواجہ معین الدین 34 سالہ بی بکشا پتی ، 35 سالہ سید رحیم ، 24 سالہ سمیر علی ، 24 سالہ راجو خاں کو گرفتار کرلیا جب کہ چندن سین اور سونو مفرور بتائے گئے ہیں ۔ سرینواس ریڈی کے قتل کے لیے مٹا ریڈی نے خواجہ معین الدین اور بکشا پتی کو سپاری دی تھی ۔ اور انہیں گیارہ سو گز اراضی دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ سمیر علی اور راجو خاں کی مدد سے انہوں نے بہار ریاست سے ہتھیار کو فراہم کیا اور منصوبہ پر عمل آوری کا آغاز کیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے دو پستول 19 کارتوس ، کار 2 میگزینس کو ضبط کرلیا گیا ۔ ہتھیار بہار کے منگر علاقہ سے فراہم کئے گئے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ فائرنگ کے فوری بعد کلوز ٹیم ، ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا تھا ۔ اور پولیس کی جانب سے آئی ٹی سیل ایس او ٹی اسپیشل برانچ اور مقامی پولیس کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں تھیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سائنٹفک طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے اندرون 48 گھنٹے کیس کو حل کرلیا گیا ۔ انہوں نے اس کیس کی یکسوئی میں شامل ٹیموں اور ملازمین کی ستائش کی ۔۔ ع