اراضی معاملات اور تنازعات سے سنگین واردات : کمشنر پولیس رچہ کنڈہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ابراہیم پٹنم فائرنگ واقعہ کی تحقیقات کے لیے پولیس کی جانب سے 8 خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے فائرنگ واقعہ کی رپورٹنگ میں تحمل سے کام لینے کا میڈیا کو مشورہ دیا اور کہا کہ تحقیقات ہر زاویہ سے کی جارہی ہے ۔ لہذا کسی بھی قسم کی بے چینی اور بدگمانی کو ہوا نہ دی جائے ۔ یاد رہے کہ کل ابراہیم پٹنم علاقہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرتے ہوئے 2 رئیل تاجرین کا قتل کردیا تھا ۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے شبہ چلایا ہے کہ اراضیات کے معاملات اور تنازعہ کے سبب ہی اس سنگین واردات کو انجام دیا گیا اور متوفی تاجروں کے مخالفین نے واردات کو انجام دینے میں کرایہ کے قاتلوں کا استعمال کیا ۔ ذرائع کے مطابق مقتول راگھویندر ریڈی ایک قتل کیس میں ملوث تھا اور سرینواس ریڈی کے خلاف بھی مقدمات پائے جاتے ہیں ان دونوں نے کئی اراضیات کے معاہدات کیے تھے ۔ اس کے علاوہ پولیس کی ٹیموں نے ان دونوں مقتول افراد کے ساتھ روابط اور معاہدات میں شامل افراد سے بھی پوچھ تاچھ شروع کردی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان دونوں کے مخالف مٹا ریڈی اور سرینواس کے قریبی ساتھی حفیظ سے بھی پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پولیس سرینواس ریڈی کے قریبی ساتھی کرشنا اور حفیظ پر شک کا دائرہ تنگ کررہی ہے چونکہ حفیظ کے نام پر عبداللہ پور میٹ اور کرشنا کے نام پر متنازعہ لیک ویو ڈیولپمنٹ اگریمنٹ پائے جاتے ہیں ۔ تاہم پولیس نے قطعی طور پر کچھ کہنے سے گریز کیا ہے اور کہا کہ تحقیقات کو ہر زاویہ سے مکمل کرنے کے بعد ہی پولیس حقیقت کا خلاصہ کرے گی ۔۔ ع