نعش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج، شوہر کے خلاف، قتل کا مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ /4 اگست (سیاست نیوز) ابراہیم پٹنم کے علاقہ منگل گیٹ میں آج ایک خاتون کے قتل کے بعد کشیدگی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ آئی سریتا ساکن پوچما گڈہ تانڈا کی نعش آج صبح کی اولین ساعتوں میں ابراہیم پٹنم میں دستیاب ہوئی ۔ خاتون کی نعش کو دیکھنے کے بعد اس کے رشتہ دار اور وہاں کی مقامی عوام برہم ہوگئی اور نعش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا ۔ علاقہ میں کشیدگی پھیلنے کے نتیجہ میں انسپکٹر ابراہیم پٹنم گروا ریڈی اور ان کی ٹیم وہاں پہونچ گئی اور حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی لیکن برہم عوام احتجاج جاری رکھے ہوئے تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ سریتا کا قتل اس کے شوہر راجیو نے ہی گلا گھونٹ کر کیا ہے ۔ حالات کو قابو میں لانے کیلئے مزید پولیس فورس کو طلب کرلیا گیا تھا اور کئی گھنٹوں کے بعد پولیس نے مقتولہ خاتون کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سریتا کے افراد خاندان اور مقامی عوام 20 لاکھ روپئے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ پولیس ابراہیم پٹنم نے شوہر راجیو کے خلاف قتل کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کی تلاش شروع کردی ۔