30 کروڑ روپئے حاصل کرنے کا الزام، مال ریڈی رنگا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ابراہیم پٹنم تالاب میں مقامی رکن اسمبلی کروڑہا روپئے کی ریت اور مٹی فروخت کر رہے ہیں۔ اس غیر قانونی سرگرمی کو پولیس اور ریونیو حکام کی تائید حاصل ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رنگا ریڈی نے کہا کہ ابراہیم پٹنم کے رکن اسمبلی ایک مافیا ڈان کی طرح کام کر رہے ہیں اور فی لاری 7000 روپئے کے حساب سے اب تک 25 تا 30 کروڑ روپئے کی ریت اور مٹی فروخت کرچکے ہیں۔ اس سلسلہ میں کلکٹر اور دیگر عہدیداروں سے نمائندگی کی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ مقامی پولیس کی ملی بھگت سے یہ سرگرمیاں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے ارکان اسمبلی کی سرپرستی کر رہی ہے تاکہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعہ فائدہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کھدائی کے خلاف مائیننگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔ عوامی رقومات کی لوٹ پر عہدیدار خاموش ہیں۔ رنگا ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رکن اسمبلی کے خلاف مائیننگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس رکن اسمبلی کی سرگرمیاں گالی جناردھن ریڈی کی طرح جاری ہیں اور حکومت تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزیر اور عہدیداروں سے اس سلسلہ میں وضاحت طلب کی۔ رنگا ریڈی نے ابراہیم پٹنم کے ایک کسان کو میڈیا کے روبرو پیش کیا جس کی اراضی کے معاوضہ کی رقم رنگا ریڈی کے ایک سابق وی آر او نے ہڑپ کرلی ہے ۔ اس خاندان نے میڈیا سے شکایت کی کہ وی آر او کے خلاف بارہا نمائندگی کے باوجود معاوضہ کی رقم ادا نہیں کی گئی ۔ انہوں نے چیف منسٹر اس معاملہ میں مداخلت اور انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ۔ رنگا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں بے قاعدگیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
