نئی دہلی، 27 اکتوبر ( یواین آئی) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صدر امت شاہ نے اتوار کو دیوالی کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارک باد دی۔مسٹر کووند نے ٹوئٹر پر لکھا‘‘دیوالی کے متبرک موقع پر تمام ہم وطنوں کو مبارکباد ۔ آئیے اس دن ہم محبت، ہمدردی اور میل جول کے چراغ روشن کرتے ہوئے سبھی کی با لخصوص ضرورت مندوں کی زندگی میں خوشیاں لانے کی کوشش کریں’’۔مسٹر مودی نے ٹویٹ کر کے کہا‘‘ملک کے باشندوں کو دیوالی کے متبرک موقع پر بہت بہت مبارک ۔ روشنی کا یہ تہوار ہم سب کی زندگی میں نئی روشنی لے کر آئے اور ہمارا ملک سدا خوشحالی اور خوش قسمتی سے منور رہے ۔وہیں مسٹر شاہ نے ٹوئٹر پر لکھا‘‘یہ دیپ اتسو سبھی کی زندگی میں نئی روشنی، خوشحالی اور خوش قسمتی لائے ۔ آپ سبھی کو دیوالی کے متبرک تہوار پر دلی مبارک باد ‘‘۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے امن اور خوشحالی کی تمنا کرتے ہوئے ملک کے عوام کو دیوالی کی مبارکباد دی ہے ۔مسٹر گاندھی نے ٹوئٹر پر کہا کہ ‘‘ سبھی کو دیوالی کی مبارکباد۔ راجستھان کے گورنر کلراج مشرا، وزیر اعلی اشوک گہلوت، نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ اور سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے نے روشنی کے تہواردیوالی پر ریاستی عوام کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہے ۔اس موقع پر مسٹر مشرا نے ریاست کے لوگوں کو دل سے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار ان کی زندگی میں خوشی، امن اور خوشحالی لے کر آئے ۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ روشنی کا تہوار سب کی زندگی کو روشن کرتا ہے ۔