بغدادی بزدلوں والی موت مرا ، امریکہ کیلئے بڑی کامیابی ، صدر ٹرمپ کا ردعمل
واشنگٹن ۔ /27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت سے متعلق امریکی حکام کے اتوار کے روز یکے بعد دیگرے بیانات کے بعد جریدے ’’نیوز ویک‘‘ نے امریکی فوج اور وزارت خارجہ کے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شمالی مغربی شام کے علاقے ادلب کے مضافات میں امریکی فوج کے آپریشن کے دوران داعش کے سربراہ کی دو بیگمات نے بھی بچوں سمیت خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ امریکی ٹی وی نیٹ ورکس ’’سی این این‘‘ اور ’’اے بی سی‘‘ نے اتوار ہی کے روز علی الصباح بتایا کہ شام اور عراق میں ہزاروں افراد کو دھمکانے اور بعد ازاں اپنی سطوت کھو جانے کے بعد داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی ادلب میں کئے جانے والے امریکی فوجی آپریشن میں ہلاک ہو گئے۔’’سی این این‘‘ کے مطابق امریکی فوج ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی سرکاری سطح پر تصدیق کرنے سے قبل ان کی نعش کا ڈی این اے کروایا۔ عراق کے دو سکیورٹی ذرائع اور دو ایرانی عہدیداروں نے کہا کہ انہیں شام کے اندر بغدادی کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے ۔ شام کے عہدیداروں نے ایران کو یہ اطلاع دی ۔ اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر ایک امریکی سکیورٹی اہلکار نے بھی بتایا تھا کہ بغدادی کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ترکی نے بھی عندیہ دیا تھا کہ اس آپریشن میں امریکی دستوں کی معاونت کی گئی۔صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ بغدادی ’بزدلوں والی اور ایک کتے کی موت مرا۔‘ معاونت پر انہوں نے عراقی حکومت کی بھی تعریف کی۔ امریکی صدر نے بالخصوص ان فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اس آپریشن میں حصہ لیا۔ ان کے بقول یہ ایک انتہائی خطرناک آپریشن تھا اور انہوں نے اس آپریشن مناظر براہ راست دیکھے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اتوار کے روز علی الصباح کی جانے والی ٹویٹ جس میں انھوں نے ’’بڑی کامیابی‘‘ ملنے کی نوید سنائی تھی کے بعد وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ گرینچ کے معیاری وقت والے ایک بجے صدر ٹرمپ اہم اعلان کرنے والے ہیں۔
اسی اثنا میں امریکی ذرائع ابلاغ نے عندیہ ظاہر کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا اعلان کرنے والے ہیں۔نیوز ویک جریدے نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکی فوج نے ایک ہفتہ قبل صدر ٹرمپ کی منظوری کے بعد شام میں داعش کے گڑھ پر بمباری کی۔ جریدے نے امریکی کارروائی سے متعلق آگاہ پینٹاگان کے اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ شمالی مغربی شام کے شہر ادلب میں کی جانے والی اس کارروائی کا نشانہ ابوبکر البغدادی تھے جس میں امریکی ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔امریکی فوج میں آپریشن کے نتائج کا علم رکھنے والے ذرائع، نیوز ویک کے مطابق، نے واضح کیا کہ اس کارروائی میں داعش کا سربراہ البغدادی مارا گیا۔وزارت دفاع نے وائٹ ہاؤس کو بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ ادلب میں امریکی کارروائی میں مارا جانے والا ’’ہائی ویلیو ٹارگٹ‘‘ ابوبکر البغدادی ہی تھا۔ انھوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔