ابوظہبی : ابوظہبی ائیرپورٹ کا 6 سال کی تاخیر کے بعد مکمل ہونے والا نیا ٹرمینل نومبر کے اوائل میں مسافروں اور پروازوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ابوظہبی ہوائی اڈے کا یہ نیا ٹرمینل اپنے تعمیراتی مرحلے کے دوران میں مڈفیلڈ ٹرمینل بلڈنگ کے نام سے مشہور ہوا تھا اور یہاں ٹام کروز کی نئی فلم ’’مشن: امپاسیبل‘‘ (ناممکن مشن) کے اہم حصوں کی شوٹنگ کی گئی تھی۔اس کے ذریعہ ہر سال ساڑھے چار کروڑ مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔ ابوظہبی ائیرپورٹس نے ایک بیان میں کہا کہ ’’اس ٹرمینل کا افتتاح امارت (ابوظہبی) کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا جو مقامی ہوا بازی کے ماحولیاتی نظام کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔یہ مسافروں کے لیے پسندیدہ منزل کے طور پر ابوظہبی کی بڑھتی ہوئی ساکھ کو بھی مضبوط کرے گا۔مڈفیلڈ ٹرمینل ، جو اصل میں 2017 میں مکمل ہونا تھا،امارت ابوظہبی کی ملکیتی اتحادایئرویز کی ترقی کی تکمیل کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا کیونکہ یہ فضائی کمپنی ہمسایہ امارت دبئی کی عالمی کیریئر الامارات اور قطر کی فضائی کمپنی قطرایئرویز کے ساتھ مسابقت کی دوڑ میں ان کے ہم پلہ آناچاہتی ہے۔