ابوظہبی ۔ محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ایسے طلبہ جن کی عمریں 12 سال سے زیادہ ہیں اور وہ اگلے سمسٹر سے اسکولز میں کلاسیں پڑھنے کے خواہش مند ہیں ، ان کے لئے کورونا ٹسٹ پی سی آر لازمی ہوگا۔ کلاس میں بیٹھنے سے قبل کورونا ٹسٹ کی منفی رپورٹ جمع کروانا ہوگا۔ محکمہ تعلیم نے صحت مند بچوں کو اسکولز واپس آنے کا اختیا ر دیا ہے، یہ واضح کرتے ہوئے کہ تمام اساتذہ اور اسکول کا عملہ واپس کام پر آنے سے قبل اپنا کورونا ٹسٹ لازمی کروائے گا۔محکمہ تعلیم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے طلبہ جو فاصلاتی تعلیم حاصل کرنا چاہیں گے ان کے لئے کورونا ٹسٹ لازمی نہیں ہوگا تاہم ایسے طلبہ جو اسکولز میں کلاسیں پڑھنا چاہتے ہیں ان کے لئے کورونا ٹسٹ لازمی ہوگا اور ان کے لئے کسی ماہر ڈاکٹر کی طرف سے صحت سرٹیفیکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔ اس میں بچے کی اسکول میں رہنے کی اہلیت کی ضمانت ہوگی،اسی طرح والدین اپنے بچے کو اسکول بھیجنے کی ذمہ داری کے لئے دستخط کریں گے۔محکمہ تعلیم نے 21 تا 31 دسمبر 2020 کے دوران ہر اسکول کے لئے مخصوص تاریخوں کے مطابق محکمہ صحت کے مخصوص مراکز میں مفت ٹسٹ کی فراہمی کا اعلان کیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ طلبہ، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ مفت ٹسٹ کرواسکیں۔ محکمہ نے تمام خانگی اسکولوں کو مفت ٹسٹ کا شیڈول دے دیا ہے۔ اس کی تفصیلات اسکولز کے علاوہ محکمے کی ویب سائٹ پر شائع ہوں گی۔