ابوظہبی میں روزگار کیلئے گئے 100 پنجابی پھنس گئے

   

نورمحل : ابوظہبی میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کے سلسلے میں گئے 100 پنجابی وہیں پھنس گئے ہیں کیونکہ انہیں نوکری سے نکال دیا گیا ہے اور انہیں پاسپورٹ واپس نہیں دیئے جا رہے ہیں۔ سماجی کارکن دلباغ سنگھ نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو خط لکھ کر اس معاملے میں نوجوانوں کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے ۔ بینا پور گاؤں کے رہنے والے مسٹر دلباغ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ اسکوائر جنرل کنٹریکٹنگ کمپنی ابوظہبی نے انہیں نوکری سے نکال دیا ہے لیکن وہ پاسپورٹ واپس نہیں کر رہی ہے ، جس کی وجہ سے نوجوان واپس نہیں لوٹ پارہے ہیں۔ وزیر خارجہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ابوظہبی میں ہندوستانی سفارت خانے کو ہدایت دے کہ یہ معاملہ اماراتی حکام کے سامنے اٹھائیں ۔ سنگھ نے کہا کہ زیادہ تر اہلکاروں نے ہندوستان واپس آنے کے لیے آن لائن درخواست دی ہے لیکن پاسپورٹ کی وجہ سے وہ نہیں آ پا رہے ہیں۔ ان کے والدین ایئر ٹکٹ کی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں لیکن کمپنی پاسپورٹ واپس نہیں کر رہی ہے ۔سنگھ نے مرکز سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور وہاں ایک ’ہیلپ ڈیسک‘ کھولنے کی اپیل کی ہے ۔