ابوظہبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے 2 افراد ہلاک، 3 زخمی

,

   

دبئی:/26 مارچ (ایجنسیز)ابوظہبی میں ایک میزائل کے ملبے کے گرنے سے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی تباہی کا شکار ہوئیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پورا خطہ مسلسل کشیدگی اور حملوں کی لپیٹ میں ہے۔حکام کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعہ کے دوران ابوظہبی کو بارہا نشانہ بنایا گیا ہے اور ایران کی جانب سے اب تک 2100 سے زائد میزائل اور ڈرون داغے جا چکے ہیں۔ وزارتِ دفاع کا دعویٰ ہے کہ زیادہ تر حملوں کو فضا ہی میں ناکام بنا دیا گیا تاہم زمینی حقائق اور معلومات تک رسائی بدستور محدود ہے۔حملوں کے بعد نقصانات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں 100 سے زائد افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ برطانیہ کے دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ مقامی حکومت پر تنقید یا حساس مواد کی اشاعت قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہے۔ابوظہبی پر ہونے والے یہ حملے متحدہ عرب امارات کے اس تاثر کو متاثر کر رہے ہیں جو طویل عرصے سے ایک محفوظ اور مستحکم ریاست کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔

کویت کا میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ
کویت سٹی، 26 مارچ (یو این آئی) کویت کے فضائی دفاعی نظام نے علی الصبح ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کو کامیابی سے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کویت نیشنل گارڈ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹاسک فورس نے سیکیورٹی کے تحت آنے والے علاقوں میں دو ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا، جو ملک کے تحفظ کے لیے جاری کارروائیوں کا حصہ ہیں۔ فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ مختلف علاقوں میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی یونٹس کی جانب سے آنے والے خطرات کو نشانہ بنا کر کی جانے والی کامیاب کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔
حکام نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دفاعی نظام مؤثر طریقے سے کام کر رہا ہے اور تمام حملوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے ۔ ساتھ ہی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ رپورٹس کے مطابق اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔