نئی دہلی ۔15جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) ابوظہبی کو توقع ہے کہ ہندوستان 2019 ء میں سمندر پار سے آنے والوں کے لئے سب سے بڑی مارکٹ کی حیثیت سے برقرار رہے گا بلکہ سال بہ سال اس میں 10 فیصد کی بڑھوتری ہوتی رہے گی ۔ ایک سینئر عہدیدار نے آج کہاکہ 2018ء میں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت شہر میں اکٹوبر تک ہندوستان سے تقریباً 3.35 لاکھ افراد کی آمد ہوئی ۔ ابوظہبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت کے کارگذار ڈائرکٹر انتھونی ریپن گالے نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہمیں 2019 ء میں بھی ہماری مارکٹ میں ہندوستان کے رول میں اضافہ کی توقع ہے ۔ ہم نئے سال ہندوستانیوں کی آمد کی تعداد میں لگ بھگ 10 فیصد اضافہ کی توقع کررہے ہیں ۔ اکٹوبر 2018 ء تک ہندوستان اس معاملے میں سب سے آگے رہا ۔ ہندوستان میں یہ انتخابی سال ہے ، اس کے باوجود ہمیں فروخت کی توقع ہے ۔ یہ اس لئے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تاریخی روابط ہیں اور عوام سے عوام مضبوط تعلقات پائے جاتے ہیں ۔