ابوظہبی :ویکسین والے سیاحوں کو بوسٹر ڈوزدرکار نہیں

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں حکام نے دارالحکومت ابوظہبی میں داخلے کی احتیاجات کے بارے میں نئی معلومات شائع کی ہیں اور کہا ہے کہ رہائشیوں اور شہریوں کے برعکس ویکسین لگوانے والے سیاحوں کوابوظہبی میں داخل ہونے کے لیے اضافی تقویتی خوراک کا ثبوت دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔سیاحت کے حوالے سے یہ وضاحت ابوظہبی کے داخلے کے قواعد پرنظرثانی کے بعد کی گئی ہے کیونکہ اس کے نئے قواعد کے حوالے سے لوگوں میں الجھن پائی جارہی تھی۔اس نے اپنی ہمسایہ امارت دبئی کے مقابلے میں کوویڈ کی وبا پرقابو پانے کے لیے زیادہ سخت اقدامات کیے ہیں۔ابوظہبی نے وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دبئی کے ساتھ سرحد پر سخت پابندیاں عائد کی ہیں جس کی وجہ سے تمام ڈرائیوروں کو وائرس سے بچنے کے لیے حفظ ماتقدم کے طور پر ویکسی نیشن اور وائرس کی جانچ کے لیے رکنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے جبکہ وبا سے پہلے یہ وسیع شاہراہ اکثرخالی ہی ہوتی تھی۔