ابوظہبی : ابوظہبی کی ایک عدالت نے شاہراہ پر دوسری گاڑی کے ڈرائیور کو دوڑانے اور اچانک اس کی گاڑی کے آگے پہنچ کر بریک لگانے والے ڈرائیور کو حکم دیا ہے کہ وہ 20 ہزار درہم ادا کرے۔ الامارات الیوم کے مطابق پرائمری کورٹ سے رجوع کرکے متاثرہ ڈرائیور نے الزام لگایا تھا کہ شاہراہ سے سفر کرتے ہوئے اس کا تعاقب کیا گیا اور آخر میں اس کی گاڑی کے آگے اچانک بریک لگا کر ہوشربا انداز میں گاڑی ریورس میں لی گئی۔پریشان کرنے والے ڈرائیور کی اس حرکت سے اسے ذہنی اور مالی نقصان پہنچا ہے لہٰذا پریشان کرنے والے ڈرائیور سے اسے ایک لاکھ 15 ہزار درہم کا معاوضہ دلوایاجائے نیز وکیل کے اخراجات اور عدالتی و دیگر فیس بھی ادا کرائی جائیں۔پرائمری کورٹ نے کیس کی سماعت سے انکار کردیا تھا اور مقدمہ خارج کردیا تھا تاہم اپیل کورٹ نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کو کالعدم کرکے گاڑی کے مالک کو دوڑانے اور اچانک اس کی گاڑی کے سامنے بریک لگا کر پریشان کرنے والے ڈرائیور کو حکم دیاکہ وہ بیس ہزار درہم ذہنی اذیت کی تلافی کے لیے ادا کرے۔ اپیل کورٹ نے اپنے فیصلے میں توجہ دلائی کہ گاڑی کے سامنے اچانک بریک لگا کر ڈرائیور نے گاڑی اور اس کے مالک کی زندگی کو خطرہ لاحق کردیا تھا۔ اس نے ریورس لے کر گاڑی کو نقصان پہنچانے کی بھی کوشش کی۔ عدالت نے شاہراہ پر پریشان کرنے والے کو یہ حکم بھی دیا کہ متاثرہ فریق کو انصاف کی خاطر عدالت سے رجوع کرنے کے لیے جو اخراجات کرنے پڑے ہیں وہ بھی اسے ادا کیے جائیں۔