دبئی۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی ہے۔ابوظہبی میڈیا آفس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے انسداد کے قائم کمیٹی کی سفارش اور ریاست میں وبا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں ایک ہفتہ کی توسیع کا فیصلہ ہوا ہے۔لاک ڈاؤن کے دوران ریاست ابوظہبی کے رہائشی باہر نہیں جاسکتے نہ باہر سے کوئی شخص آسکتا ہے۔ابوظہبی اور اس کے ملحقہ دیگر شہروں کے تمام رہائشیوں پرکرفیو نافذکیا جاتا ہے، اس سے استثنی بنیادی ضرورتیں فراہم کرنے والے ملازمین کو ہے۔ میڈیا آفس نے کہا ہے کہ ابوظہبی، العین اور الظفرہ شہروں کے رہائشی کرفیو میں نرمی کے اوقات کے دوران اپنی ضرورت کی چیزیں خریدنے کے لیے گھروں سے نکل سکتے ہیں تاہم ان شہروں کے درمیان سفر پر پابندی ہوگی۔ لاک ڈاؤن کا آغاز منگل سے ہوگیا ۔
