ابو ظہبی :ابو ظہبی کے شری اکشر سوامی نرائن مندر کی انتظامیہ نے ماہ رمضان میں مذہبی روا داری اور ہم آہنگی کے تناظر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب ’’اومسیات‘‘ میں وزیر برائے رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان سمیت دیگر ممتاز رہنماؤں اور سفیروں نے شرکت کی۔اس تقریب میں تقریباً 200 مذہبی رہنما، حکومتی اہلکار، سفیر اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے معززین بھی موجود تھے۔وزیر شیخ نہیان بن مبارک نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد ماہ رمضان میں ایمان، دوستی، اتحاد اور غور و فکر کی قدروں کو اجاگر کرنا ہے۔مندر کے پنڈت برہم وِہاری داس سوامی نے کہا کہ اومسیات مختلف مذہبی اورکمیونٹیز کے درمیان باہمی احترام، غور وفکر اور سمجھوتے کو فروغ دینے کے لیے ایک طاقتور پلیٹ فارم ثابت ہوئی ہے۔تقریب کے اختتام پر ایک ’سبزی خور افطار‘ کا اہتمام کیا گیا جس میں ہندوستانی اور عربی کھانوں کا امتزاج پیش کیا گیا۔گزشتہ ماہ، مندر نے اپنی پہلی سالگرہ منائی تھی۔