ابھشیک شرما کو ونڈے میں شامل کئے جانے کا امکان

   

دبئی ، 24 ستمبر (ایجنسیز) ٹی20 میں پہلے مقام پر موجود ابھشیک شرما جلد ہیونڈے میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف دھواں دار اننگز کھیلنے کے بعد انہیں دورہ آسٹریلیا کے لیے ونڈے اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی اس معاملے پر غورکر رہی ہے۔ ابھشیک شرما، جنہوں نے ٹیم انڈیا کے لیے 21 ٹی20 میچ کھیلے ہیں، ایشیاکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کو دیکھتے ہوئے ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر انہیں ونڈے اسکواڈ میں موقع دینے پر غورکر سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ٹیم انڈیا کے اوپنر ابھشیک شرما کو اگلے ماہ آسٹریلیا کے دورے کے لیے ونڈے ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستان آسٹریلیا میں تین ونڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا۔ ونڈے سیریز19 اکتوبر کو شروع ہوگی۔ ابھشیک شرما فی الحال ایشیاکپ کے رنز بنانے والوں کی فہرست میں پہلے مقام پر ہیں۔ انہوں نے چار میچوں میں 208.43 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 173 رنز بنائے ہیں۔ ان کا لسٹ اے ریکارڈ بھی کافی متاثرکن ہے۔ انہوں نے 61 میچوں میں 35.33 کی اوسط اور 99.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2014 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 38 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اب سوال یہ ہے کہ اگر ابھشیک کو ونڈے ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے تو کون باہر رہ جائے گا؟ 2027 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی میزبانی میں ہونے والے اگلے ونڈے ورلڈ کپ سے پہلے ہندوستان کے پاس 27 ون ڈے کھیلنے ہیں۔