ابھیشیک بدستور پہلے جبکہ ایشان دوسرے مقام پر پہنچ گئے

   

دبئی، 11 مارچ (آئی اے این ایس) حال ہی میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کی شاندار کامیابی کے بعد جاری ہونے والی تازہ درجہ بندی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا کہ ٹی20 بین الاقوامی بیٹرسکی فہرست میں اب پہلے دو مقامات پر ہندوستانی کھلاڑی موجود ہیں۔ نوجوان اوپنر ابھیشیک شرما فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف برق رفتار نصف سنچری بنانے کے بعد اپنا پہلا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب ان کے ساتھی اوپنر ایشان کشن ٹورنمنٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد دو درجے ترقی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ایشان کشن نے ورلڈ کپ کے دوران مجموعی طور پر317 رنز بنائے اور کیریئر کی بلند ترین درجہ بندی حاصل کی۔ وہ اب ابھیشیک شرما سے صرف 4 درجہ بندی پوائنٹس پیچھے ہیں۔ ہندوستان کے دیگر بیٹرس میں سنجو سیمسن 18 درجے ترقی کے بعد 22 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ شیوم دوبے چار درجے ترقی کے ساتھ 27 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔دریں اثناء نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم سیفرٹ چار درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے جیکب بیتھل 17 درجے بہتری کے ساتھ 16 ویں مقام پرآگئے ہیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین درجہ بندی ہے۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن نے بھی نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف 33 گیندوں پر سنچری بنا کر ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کیا تھا اور اب سات درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ بولرزکی درجہ بندی میں بھی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ افغانستان کے اسپنر راشد خان پہلے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ہندوستان کے اسپنر ورون چکرورتی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ انگلینڈ کے اسپنر عادل رشید ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھے مقام پر ہیں، جبکہ ہندوستان کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ علاوہ ازیں اکشر پٹیل چھ درجے ترقی کے بعد 17 ویں مقام تک پہنچ گئے ہیں۔ ٹی20 بین الاقوامی آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں سکندر رضا پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ ہندوستان کے ہاردک پانڈیا دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور دونوں نے کیریئرکی بلند ترین درجہ بندی حاصل کی ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر تین درجے ترقی کے بعد نویں مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے ول جیکس پانچ درجے بہتری کے ساتھ 13 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کے باعث کئی کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں اور مستقبل میں بھی ان میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ہے۔