لکھنؤ ، 20 مئی (آئی اے این ایس)۔لکھنؤ سوپر جائنٹس کے لیے یہ خبر اچھی نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے ایک اہم کھلاڑی دگویش راٹھی کو معطل کردیا گیا ہے۔ اسپنر راٹھی کو ابھیشیک شرما کے ساتھ لڑائی کی وجہ سے معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دونوں کے درمیان یہ لڑائی لکھنؤ میں ایل ایس جی اور ایس آر ایچ کے درمیان میچ کے دوران ہوئی تھی۔ تاہم اس کے بعد ابھیشیک شرما نے میچ کے بعد دگویش راٹھی کے ساتھ اپنی مفاہمت کے بارے میں بتایا لیکن میدان پر جوکچھ ہوا وہ میچ ریفری کی نظر میں ٹھیک نہیں تھا اور آئی پی ایل کے قوانین کے مطابق دگویش راٹھی کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس بارے میں معلومات آئی پی ایل کی جانب سے ایک بیان جاری کرکے دی گئی، جس میں کہا گیا کہ یہ تیسرا موقع ہے جب دگویش راٹھی اس سیزن میں لیول 1 کے قصوروار پائے گئے ہیں۔ تیسری بار قصوروار پائے جانے کے بعد اب ان کے 5 ڈیمیرٹ پوائنٹس ہو ئے ہیں جس کی وجہ سے ان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ آئی پی ایل 2025 ایل ایس جی کے دگویش راٹھی پہلی بار یکم اپریل کو پنجاب کنگز کے خلاف معاملے میں لیول 1 کے قصوروار پائے گئے تھے۔ اس کے بعد 4 اپریل 2025 کو ممبئی انڈینز کے خلاف دوسری بار وہ لیول 1 کے تحت قصوروار پائے گئے۔ اس سیزن میں 5 ڈیمیرٹ پوائنٹس حاصل کرنے کا مطلب ہے کہ ان پر ایک میچ کی پابندی لگائی گئی ہے۔