ابھیشیک منوسنگھوی نے 2869 کروڑ کے اثاثہ جات کا انکشاف کیا

   

راجیہ سبھا الیکشن میں حلف نامہ، نریندر ریڈی کے اثاثہ جات 41 کروڑ
حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ سے راجیہ سبھا نشست کے لئے کانگریس کے امیدوار اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منوسنگھوی نے اپنے حلف نامہ میں 2860.36 کروڑ کے اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے جو ان کے اور ان کے اہلیہ کے مشترکہ اثاثہ جات ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے ساتھ ابھیشیک منوسنگھوی نے اثاثہ جات کی تفصیلات پر مشتمل حلف نامہ داخل کیا۔ حلف نامہ کے مطابق گزشتہ 5 برسوں میں سنگھوی کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ حلف نامہ میں بتایا گیا کہ 2024-25 میں آمدنی 374 کروڑ تھی جبکہ 2023-24 میں 333 کروڑ، 2022-23 میں 359 کروڑ، 2021-22 میں 290 کروڑ اور 2020-21 میں 158 کروڑ آمدنی تھی۔ اس طرح 5 برسوں میں 1516 کروڑ کی مجموعی آمدنی ہوئی۔ 67 سالہ ابھیشیک منوسنگھوی نے حلف نامہ میں گھریلو اشیاء اور آفس میں استعمال کئے جانے والے آلات کی تفصیلات اور ان مالیت درج کی ہے جو انتخابی حلف نامہ میں بہت کم درج کئے جاتے ہیں۔ عام طور پر گھریلو اور دفتر کے سامان اور آلات کو حلف نامہ میں شامل نہیں کیا جاتا۔ حلف نامہ میں سنگھوی نے آرٹ ورکس اور پینٹنگس کی مالیت 25 کروڑ بتائی ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن جو آکسفورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی ہے انہوں نے اپنا کوئی قرض حلف نامہ میں درج نہیں کیا۔ راجیہ سبھا کے لئے کانگریس کے ایک اور امیدوار وی نریندر ریڈی نے حلف نامہ میں 41 کروڑ سے زائد کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف کوئی کریمنل کیس زیر التواء نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کسی مقدمہ میں سزا ہوئی ہے۔ راجیہ سبھا کے لئے کے سائینا نامی شخص نے بطور آزاد امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا لیکن درکار تعداد میں پرپوزر کی عدم موجودگی پر پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا گیا۔ کانگریس کے دونوں امیدواروں کے بلا مقابلہ انتخاب کا اعلان کیا جائے گا۔ 1