ممبئی : مشہور بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ ایشوریا رائے کی بطور ماں قربانیوں اور ذمہ داریوں کی تعریف کی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ ایشوریا کے شکر گزار ہیں کہ وہ انہیں کام کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرتی ہیں۔ اان کی بیٹی آرادھیا کے ساتھ ایشوریا کی موجودگی گھر میں سکون کا سبب بنتی ہے۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ ابھیشیک کی جانب سے اہلیہ کیلئے یہ بیان اس دوران سامنے آیا ہے جب بالی ووڈ کی اس مشہور جوڑی کی طلاق کی افواہیں پھیلی ہوئی ہیں۔ تاہم اداکار کے اس بیان کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔ ابھیشیک نے بتایا کہ ان کے بچپن میں بھی انہیں اپنے والدین کی عدم موجودگی کا احساس نہیں ہوا، حالانکہ ان کے والد امیتابھ بچن 1970 کی دہائی میں فلمی دنیا کے عروج پر تھے جبکہ ان کی والدہ جیا بچن نے 1976 میں ان کی پیدائش کے بعد فلموں سے وقفہ لیا تھا۔ ابھیشیک اور ایشوریا 2007 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور 2011 میں ان کی بیٹی آرادھیا اس خوبصورت جوڑی کی زندگی میں آئی۔ ایشوریا نے بیٹی کی پیدائش کے بعد فلمی دنیا سے چار سال کا وقفہ لیا اور 2015 میں فلم ’جذبہ‘ کے ذریعے واپسی کی۔ دوسری جانب ابھیشیک اپنی آنے والی فلموں ’بی ہیپی‘، ’ہاؤس فل 5‘ اور ’کنگ‘ کی ریلیز کی تیاری میں مصروف ہیں۔