ابھی سبکدوشی کا کوئی ارادہ نہیں :محمد سمیع

   

نئی دہلی ،28 اگست (ایجنسیز) ہندوستانی سابق کرکٹرز روی چندرن اشون اور چیٹشور پجارا کے کرکٹ سے سبکدوش ہونے کے بعد ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع کے مستقبل پر سوالات اٹھائے جارہے تھے لیکن اس بولر نے ان افواہوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا فی الحال سبکدوشی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اس دوران سمیع نے ان لوگوں کو نشانہ بنایا جو ان کی سبکدوشی میں زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی سبکدوشی کے حوالے سے بڑا بیان دے دیا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریزکے بعد ایشیا کپ کے لیے ٹیم انڈیا میں شامل نہ کیے گئے محمد سمیع نے کہا کہ جب تک ان کا حوصلہ پست نہیں ہوجاتا وہ کھیلتے رہیں گے۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو بتائیے، کیا میں سبکدوش ہونے سے ان کی زندگی بہتر ہو جائے گی؟ مجھے بتائیں، میں کس کی زندگی میں پتھر بن گیا ہوں کہ آپ مجھے سبکدوش کرنا چاہتے ہیں؟ جس دن میں بور ہو جاؤں گا، میں خود ہی چلا جاؤں گا۔ ٹیم انڈیا کے اس فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ آپ مجھے منتخب نہ کریں، لیکن میں سخت محنت کرتا رہوں گا۔ اگر آپ مجھے انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے منتخب نہیں کرتے ہیں تو میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلوں گا۔ میں کہیں نہ کہیں کھیلتا رہوں گا۔ اس 34 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ سبکدوشی کا صحیح وقت ابھی نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ میرا ایک خواب ابھی پورا ہونا ہے۔ محمد سمیع نے کہا کہ میرا ونڈے ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ابھی ادھورا ہے۔ ہم 2023 میں بہت قریب آئے تھے لیکن ہم اسے جیت نہیں سکے۔ میں2027 میں وہاں پہنچنا چاہتا ہوں۔ اپنی فٹنس کے حوالے سے محمد سمیع نے کہا کہ میں نے گزشتہ دو ماہ میں سخت محنت کی ہے۔ خاص طور پر وزن کم کرنے اور طویل عرصے تک بولنگ کرنے پرکام کیا ہے ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ مجھے اب بھی کرکٹ بہت پسند ہے۔ جس دن میرا حوصلہ ختم ہو جائے گا، میں خود اسے چھوڑ دوں گا۔ تب تک میں لڑتا رہوں گا۔ محمد سمیع نے آخری بار مارچ میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلی تھی جس کے بعد سے وہ ٹیم میں جگہ نہیں پا سکے ہیں۔ یہاں تک کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے دوران بھی وہ بولنگ کرتے ہوئے اپنی تال کے ساتھ جدوجہد کرتے نظر آئے۔ان کے ناقص فام کی وجہ حیدرآباد کی ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا تھا ۔سمیع اس وقت کافی پرعزم ہیں اور وہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں ہیں۔