اب آر ٹی سی سے پارسل کی ہوم ڈیلیوری ہوگی

   

حیدرآباد۔ 8 اگسٹ : تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے اب پانچ اضلاع بشمول حیدرآباد میں پارسلوں کو گھروں تک پہونچایا جائیگا ۔ قبل ازیں یہ خدمات صرف حیدرآباد تک محدود تھیں تاہم اب تلنگانہ اسٹیٹ آر ٹی سی نے ہوم ڈیلیوری خدمات کو نلگنڈہ ‘ نظام آباد ‘ کھمم اور ورنگل میں بھی توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے بتایا کہ گاہک بکنگ کے وقت ہوم ڈیلیوری کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں اور پھر پارسل کو گھر تک پہونچا دیا جائیگا ۔ تاہم اس سہولت کیلئے اضافی اخراجات ہونگے ۔ ٹی ایس آر ٹی سی نے خانگی ایجنسیوں کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے پانچ اضلاع میںہوم ڈیلیوری خدمات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر موصوف نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی ان خدمات کو دس مقامات تک توسیع دی جائے گی اور اسے بنگلورو میں بھی متعارف کروانے کا منصوبہ ہے ۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے حیدرآباد ائرپورٹ سے وجئے واڑہ اور وشاکھاپٹنم کیلئے ڈیلیوری اور پک اپ خدمات شروع کردی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آر ٹی سی کی کارگو خدمات کو بہتر رد عمل ملنے پر توسیع دی گئی ہے ۔ کارگو خدمات سے آر ٹی سی کو جملہ 52.31 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے اور ہزاروں پارسل پہونچادئے گئے ہیں۔آر ٹی سی کارگو خدمات کو عوام کا اچھا رد عمل حاصل ہو رہا ہے۔