وارانسی: سماجوا دی پارٹی(ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو کے بعد اب سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر نے بھی پاکستان کے بابائے قوم محمد علی جناح کے شان میں قصیدے پڑھے ہیں۔راج بھر نے بدھ کو یہاں کہا کہ جناح کو اگر ملک کاپہلا وزیر اعظم بنا دیا گیا ہوتو تو ملک تقسیم ہونے سے بچ جاتا۔ اتنا ہی نہیں راج بھر نے سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی اور سینئر بی جے پی لیڈر لال کرشن اڈوانی کو بھی جناح کا معترف قرار دیا۔ آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے راج بھر نے حال ہی میں ایس پی کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا ہے ۔میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا’ ذرا سوچئے اٹل جی اور اڈوانی جی بھی جناح کے نظریات کی تعریف کیوں کرتے تھے ۔ اس لئے میرا ماننا ہے کہ جناح کو اگر ملک کا پہلا وزیر اعظم بنایا گیا ہوتا تو ملک تقسیم ہونے سے بچ جاتا۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں اکھلیش نے بھی جناح کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ جدوجہد تحریک آزادی میں انہوں نے مہاتما گاندھی ، سردار پٹیل اور پنڈٹ نہرو کی طرح ہی اہم کردار ادا کیا تھا۔ مخالف پارٹیوں نے اس پر سخت تبصرے کا اظہار کرتے ہوئے لیڈروں کے جناح پریم کو انتخابی فائدے کے لئے مذہب منھ بھرائی کی سیاست کا نتیجہ قرار دیا تھا۔
