محکمہ ڈاک کی منفرد پہل، کھاتے کو آدھار کارڈ سے مربوط کرنے کی شرط
حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) محکمہ ڈاک نے انوکھی خدمات کا آغاز کیا ہے۔ اب گھر بیٹھے عوام اپنے بینک کھاتوں میں موجود رقم حاصل کرسکتے ہیں۔ صرف پوسٹل سیونگ اکاونٹس میں موجود رقم ہی نہیں بلکہ کسی بھی بینک کھاتے کی رقم کو محکمہ ڈاک کے ذریعہ گھر بیٹھے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پوسٹل محکمہ کا کہنا ہے کہ سرویس آسان اور محفوظ ہوگی۔ چونکہ بائیو میٹرک شہری کو ہی دینا ہوگا جبکہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ گھر تک پہنچے گا۔کورونا کے دوران پیش آئی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پوسٹل ڈپارٹمنٹ نے آسان انداز میں عوام کو سہولیات پہنچانے کا راستہ تلاش کیا ہے۔ اب محکمہ پوسٹ کے ذریعہ خطوط، منی آرڈر ہی نہیں بلکہ آرڈر پر مبنی فارمولہ اختیار کیا جارہا ہے جس کے لئے شہریوں کو اپنے بینک کھاتے سے آدھار کارڈ کو مربوط کرنا ہوگا، بس شہریوں کو اتنا ہی کام کرنا پڑے گا۔ بینک کھاتے سے آدھار کو مربوط کرنے پر اگر رقم گھر پر حاصل کرنا ہو تو پھر قریبی پوسٹ آفس کے فون نمبر پر ربط پیدا کرنا ہوگا اور ضروری رقم کی اطلاع دینے پر پوسٹل ڈپارٹمنٹ کاا عملہ مکان پہنچے گا اور بائیو میٹرک کے ذریعہ جتنی رقم کی ضرورت ہے وہ حوالے کرتے ہوئے بائیو میٹرک کے ذریعہ رقم ادا کردے گا۔ہر دن کم از کم 100 روپئے تا 10 ہزار روپئے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اس طریقہ کار سے خواتین اور ضعیف افراد کو کافی مدد ملے گی۔ ریاست بھر میں پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے تحت 827 لاکھ اکاونٹس پائے جاتے ہیں جبکہ 27.09 لاکھ آسرا پنشن اور اولڈ ایج، بیواؤں، معذورین، تنہا و بے سہارا خواتین کے وظیفے و دیگر تقسیم کئے جاتے ہیں۔ع