حیدرآباد۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی اور بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے لئے کام کرنے والے ہر شخص کو اچھے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کل ریاستی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور مائینس ڈاکٹر پٹنم مہیندر ریڈی سے ملاقات کی۔ حال ہی میں جب پٹنم مہیندر ریڈی نے بحیثیت وزیر حلف لیا تھا تو اس وقت کے ٹی آر بیرونی دورہ پر تھے۔ مہیندر ریڈی نے کے ٹی آر کے بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد کے ٹی راما راؤ سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور دونوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مہیندر ریڈی کے اچھے دن آئے ہیں اور انہیں ان کی محنت کا انعام ملا ہے اور ان سے کہا کہ وہ ان کے ضلع میں پارٹی کے لئے کام کریں۔ کے ٹی آر یہ کہہ رہے ہیں کہ ہر ایک شخص کو جو بی آر ایس کے لئے کام کرے گا اچھے مواقع حاصل ہوں گے لیکن سوال یہ ہیکہ اب تک کس کو کیا ملا؟