مکہ مکرمہ۔ 31 مئی (یو این آئی) سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مختلف ممالک سے 13 لاکھ 30 ہزار 845 عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حج 2025 کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے فضائی، بری اور بحری ذرائع سے عازمین کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ پاسپورٹ کے مطابق جمعرات دو ذو الحجہ تک زمینی راستے سے 64 ہزار883، بحری ذریعہ سے 5 ہزار 88 جبکہ فضائی ذریعہ سے 12 لاکھ 60 ہزار 874 عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں۔ محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر حجام کرام کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کیلئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملک کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تکنیکی ڈیوائسز نصب کی گئی ہیں۔ سعودی ریلوے ‘سار’ کی جانب سے گزشتہ برس کے مقابلے میں حج 2025 کیلئے نشستوں میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔