اب جلد ہی ہندوستانی معیشت چوتھے مقام پر پہنچ جائے گی:بی جے پی

   

نئی دہلی10فروری (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے ارون سنگھ نے پیر کے روز راجیہ سبھا میں بجٹ کو ترقی کی رفتار تیز کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ہندوستان دنیا کی پانچویں معیشت ہے اور وہ ایک دو سال کے اندر ہی چوتھے مقام پر پہنچ جائے گی ۔ مسٹر سنگھ نے بجٹ پر کانگریس کے پی چدمبرم کی طرف سے شروع کی گئی بحث میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات کہی اور انہوں نے ان کی اس بات کو بے بنیاد بتایا کہ ملک کی معیشت آئی سی یو میں ہے ۔ مسٹر سنگھ نے بجٹ پر حکمران فریق کی جانب سے دلایل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی معیشت امریکہ کی ہے جو 21.4 ٹریلین ڈالر ہے جبکہ چوتھی معیشت جرمنی کی ہے جو 3.9 ٹریلین ڈالر ہے اور ہندوستان کی 2.9 ٹریلین ڈالر ہے ۔ لیکن وہ ایک دو سال کے اندر ہی جرمنی کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر آ جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے سو اعلیٰ بینکوں میں پہلے ایک بھی ہندوستانی بینک نہیں تھا جبکہ اتنے بڑے بڑے ماہر اقتصادیات تھے لیکن مودی حکومت کے دور میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا سو ٹاپ بینکوں میں آ گیا جبکہ پڑوسی ملک چین میں 18 جاپان میں آٹھ بینک تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے بینکوں کا ادغام کر کے بینکنگ نظام کو مضبوط بنایا ہے ۔