اب حکومت کو اجے مشرا کا استعفیٰ لینا چاہئے :کانگریس

   

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں گزشتہ ماہ احتجاج کرنے والے کسانوں کو کچلنے کے الزام میں گرفتار مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا کو بچانے کے لیے ضلعی عدالت میں ان کے وکلاء کے کئی دلائل کے باوجود ان کے جرائم بے نقاب ہو چکے ہیں، اس لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو فوری طور پر مرکزی وزیر کو وزیر کے عہدے سے ہٹا دینا چاہیے ۔کانگریس کے شعبہ ذرائع ابلاغ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجیوالا نے ٹویٹ کیا کہ اب تو سچ سامنے ہے ۔ اب ملک کے وزیر مملکت برائے داخلہ استعفیٰ کیوں نہیں۔ اب کیا وزیر کی کرسی کسان کی جان سے زیادہ قیمتی ہے ؟ اب وزیراعظم انہیں کیوں بچا رہے ہیں؟ ملک جواب مانگتا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر پوسٹ کی ہے جس میں لکھا ہے ‘‘ 3 اکتوبر کو 2.30 سے 3.30 بجے تک کہاں تھا ثابت نہیں کر سکا آشیش مشرا۔ مدعا علیہ کے لوگوں نے عدالت کو بتایا کہ 60 لوگوں نے انہیں جائے وقوعہ پر دیکھا تھا۔ دریں اثنا، سپریم کورٹ نے آج لکھیم پور کھیری قتل کیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے نگران کو مقرر کیا ہے۔