جے پور: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کہا کہ راجستھان کے لوگوں نے کانگریس کی غلط حکمرانی سے چھٹکارا پانے کے لئے بگل بجا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے گزشتہ 5 سالوں میں جس طرح سے یہاں حکومت چلائی ہے، وہ صفر نمبر پانے کی مستحق ہے۔ جے پور سے تقریباً 30 کلو میٹر دور دھنکیا گاؤں میں پریورتن سنکلپ مہاسبھا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کانگریس حکومت پر جم کر نشانہ سادھا۔انہوں نے کہا کہ گہلوت حکومت نے یہاں کے نوجوانوں کے 5 اہم سال ضائع کر دئے، اس لئے راجستھان کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کانگریس حکومت کو ہٹا کر بی جے پی کو واپس لائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم مودی نے خواتین ریزرویشن بل اور جی 20 چوٹی کانفرنس کا بھی تذکرہ کیا۔