اب فیروز شاہ کوٹلہ کی باری، جیٹلی کے نام سے موسوم

   

نئی دہلی ۔27 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن ( ڈی ڈی سی اے ) نے فیصلہ کیا ہے کہ فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں تبدیل کردیا جائے گا جیسا کہ سابق صدر کا ہفتہ کو انتقال ہوا ہے ۔ میدان کے نام کی تبدیلی 12 ستمبر کو ایک تقریب کے دوران عمل میں آئے گی اور اُس دن ہی میدان کے ایک حصہ کو ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے نام سے موسوم کیا جائے گا جس کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے ۔ ڈی ڈی سی اے کے صدر رجت شرما نے کہا ہے کہ سابق صدر ارون جیٹلی نے کئی ایک کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جس کی بدولت ٹیم کو ویراٹ کوہلی ، ویریندر سہواگ ، گوتم گمبھیر ، آشیش نہرا ، رشبھ پنت اور ان جیسے کئی نام ملے ہیں ۔ انھوں نے کہا ہے کہ مذکورہ کام کیلئے جو تقریب منعقد ہوگی وہ جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہوگی جس میںامیت شاہ ، وزیر اسپورٹس کرن رجیجو اور دیگر شرکت کریں گے ۔