ابوظہبی : دبئی حکام نے عید الاضحی کے موقع پر لوگوں کو گھر بیٹھے قربانی کی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے لیے ’’ایپ‘‘ تیار کرائی ہے۔ ’’ایپ‘‘ کا بنیادی مقصد کورونا کی متحدہ عرب امارات میں نئی لہر کے دنوں میں شہریوں کو ہجوم کا حصہ بننے سے بچانا ہے تاکہ وہ کرونا کے اثرات کی زد سے محفوظ رہ سکیں۔ اس سے پہلے معمول یہ رہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کرے والے لوگ مذبح آتے ہیں۔ وہیں ویٹرنری ڈاکٹر بلائے جاتے ہیں، جو جانوروں کی صحت کے بارے میں اطیمنان کرتے ہیں اور قربانی کا عمل مکمل کر لیا جاتا ہے۔ بعد ازاں قربانی کے گوشت کے تین حصے کر کے ایک حصہ اپنے لیے استعمال میں لایا جاتا ہے جبہ دو حصوں کو بالترتیب عزیزو اقربا اور غریبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس سال عید الاضحی کے موقع پر ہجوم کا حصہ بننے سے عوام کو بچانے کے لیے دبئی کے حکام عوام پر زور دے رہے ہیں کہ وہ قربانی کے ذمہ داریوں کے لیے ’’اسمارٹ ایپ‘‘ کا استعمال کریں۔ اسی ’’ایپ‘‘ کے ذریعے پسند کے جانور کی خریداری سے لے کر ذبح کرنے تک اور بعد ازاں گوشت کی تقسیم تک کے سب مراحل ممکن ہو جائیں گے۔ بطور خاص تیار کی گئی ’’ایپ‘‘ کے ذریعے امارات کا ایک رہائشی مذبح کو آرڈر کر سکتا ہے کہ اس کے جانور کی قربانی کر کے گوشت کی تین حصوں میں تقسیم کر دی جائے۔ اس طرح کی ”ایپس ” کا مسلم دنیا میں ماضی میں زیادہ استعمال نہیں رہا ہے۔