ممبئی : ملک میں فرقہ پرستوں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب ممبئی میں مسلم طالبات کو حجاب کے نام پر ہراساں کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ممبئی کے چیمبور علاقے میں این جی اچاریہ اینڈ ڈی کے مراٹھا کالج میں مسلم طالبات کو برقعہ و حجاب پہن کر داخل ہونے سے روک دیا گیا۔کالج انتظامیہ کے رویہ کے خلاف مسلم طالبات کے سرپرستوں نے احتجاج کیا۔ طالبات نے بتایا کہ آج صبح جب وہ کالج پہنچیں تو انہیں گیٹ میں داخل ہونے نہیں دیا گیا اور واچ مین نے ان سے برقعہ و حجاب اتار کر کالج میں داخل ہونے کو کہا۔ سرپرستوں نے بھی کالج کے فرقہ پرستانہ اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ کالج میں داخلہ کے وقت اس طرح کی کوئی بات نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ کا رویہ نامناسب ہے۔ طالبات کو سڑک پر ٹھہرنے کیلئے مجبور کیا گیا اور سڑک پر ہی برقعہ اتارنے کی ہدایت دی گئی۔ مسلم طالبات نے حکومت سے فوری طور پر کالج انتظامیہ کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ سرپرستوں نے بتایا کہ اگر داخلہ سے قبل کالج انتظامیہ کی جانب سے حجاب سے متعلق کچھ کہا جاتا تو طالبات کو دوسرے کالج میں داخل کیا جاتا لیکن انتظامیہ نے ایسا کچھ نہیں کہا تھا۔ اچانک حجاب پر پابندی سے متعلق احکامات سے طالبات و سرپرستوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی۔