اب میٹرو ٹرین صبح 6 تا رات 11 بجے ہی چلے گی

   

حیدرآباد۔یکم نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل نے اپنے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے جس سے رات تاخیر سے اپنی منزل کیلئے روانہ ہونے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔حیدرآباد میٹرو ریل کے نئے اوقات کار کے مطابق شہر میں میٹرو ریل اب صبح 6بجے سے رات 11 بجے کے درمیان چلائی جائے گی ۔3 نومبر سے اوقات کار میں تبدیلی ہوگی ۔ اس سلسلہ میں جاری اعلامیہ میں کہاگیا کہ میٹرو کے اوقات کار جو کہ فی الحال 6 بجے صبح تا 11:45 بجے شب ہوا کرتی تھی اس میں 45 منٹ کی تخفیف کا فیصلہ کیاگیا جو کہ 11بجے کے بعد سفر کرنے والے مسافرین کیلئے تکلیف کا سبب بن سکتا ہے ۔ریاستی کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر نائٹ لائف کو فروغ دینے سیاحتی پالیسی کے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن حیدرآباد میٹرو ریل سے رات کے اوقات کمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں جن سے مسافرین کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق حیدرآباد میٹرو ریل نے رات کے اوقات میں مسافرین کی تعداد میں کمی پر یہ فیصلہ کیا اور مخصوص ایام بالخصوص نمائش کے علاوہ تہواروں کے موقع پر رات دیر گئے تک میٹرو خدمات عوام کیلئے فراہم کی جاتی رہی ہیں لیکن اب جبکہ رات کے اوقات میں مسافرین کی تعداد میں کمی آرہی ہے تو حیدرآباد میٹرو ریل انتظامیہ نے اوقات کار میں کمی کا فیصلہ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ نئے اوقات کو نوٹ کرلیں۔3