وزیر داخلہ و کمشنر پولیس کی ہدایت کا اثر
حیدرآباد یکم / مئی ( سیاست نیوز ) وزیر داخلہ و پولیس کمشنر کی جانب سے عوام کے خلاف لاٹھی استعمال نہ کرنے کے واضح ہدایت کے باوجود بھی نچلی سطح کے پولیس ملازمین اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہے ہیں ۔ آصف نگر سید علی گوڑہ میں ایک ہوم گارڈ نے مکان میں گھس کر نوجوانوں کی لاٹھی سے پٹائی کی اور اُٹھ بیٹھ کروائی ۔ ذرائع نے بتایا کہ آصف نگر پولیس اسٹیشن کے بلو کولٹ سے وابستہ ہوم گارڈ محمد عثمان نے مبینہ مکان کے باہر بیٹھے نوجوانوں کا تعاقب کیا اور گھر میں گھس ہوکر خواتین کے سامنے لاٹھی سے پٹائی کی اور بعض ازاں انہیں بے عزت کیا ۔ قابل غور بات یہ ہے کہ لاک ڈاؤن کے خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف پولیس چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران نوجوانوں کو نشانا بنایا جارہا تھا لیکن اب گھروں میں گھس کر بھی پولیس نوجوانوں کو پیٹ رہی ہے ۔ حالانکہ وزیر داخلہ جناب محمد علی نے پولیس کمشنر انجنی کمار و دیگر کا اجلاس منعقد کیا تھا اور پولیس زیادتیوں پر روک لگانے اور لاٹھی کا استعمال نہ کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ اس کے باوجود گھر میں گھس کر ہوم گارڈ کی حرکت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ متعلقہ انسپکٹر اپنے ماتحتوں کو پابند ڈسیپلن بنانے ناکام ہوگئے ہیں ۔