نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو دہلی میں قومی روزگار میلے کے تحت 51 ہزار نوجوانوں کو تقرری کے خطوط تقسیم کئے۔ پی ایم مودی نے کہا، ‘اب نوکری ملنا آسان ہو گیا ہے۔ اس ماہ روزگار میلے کا سفر ایک اہم مرحلے پر پہنچ گیا ہے۔ ہم نے یہ میلہ پچھلے سال اکتوبر میں شروع کیا تھا۔ تب سے، بی جے پی کی حکومت والی ریاستیں مسلسل روزگار میلوں کا انعقاد کر رہی ہیں۔اب تک لاکھوں نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے لیے تقرری خط دیے جا چکے ہیں۔ آج بھی 50 ہزار سے زائد نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں۔ دیوالی میں ابھی کچھ وقت باقی ہے، لیکن جن 50 ہزار نوجوانوں کو تقرری کے خط ملے ہیں، ان کے لیے یہ موقع دیوالی سے کم نہیں ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں منعقد ہونے والے روزگار میلے نوجوانوں کے تئیں ہماری وابستگی کا ثبوت ہیں۔ ہماری حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے مشن موڈ میں کام کر رہی ہے۔
