’’ اب واضح ہوگیا ہے کہ چوکیدار خود چور ہے ‘‘ : کانگریس

   

ایک نیا راز فاش ، مودی کے خلاف راست الزام ، وزیراعظم جواب دیں

نئی دہلی ۔ 2جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی سے گوا کے چیف منسٹر منوہر پاریکر کے اس دعوے پر جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے جس میں وہ (پاریکر) یہ کہہ رہے ہیں کہ رافیل سے متعلق فائیل ان کے بیڈروم میں پڑی ہے اور یہ دریافت کیا کہ آیا یہی وجہ ہے کہ اس معاملت کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کا حکم نہیں دیا گیا ہے ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے ایک ٹیپ پیش کیا جو بظاہر گوا کے ایک وزیر وشوا جیت رانے اور کسی دوسرے شخص کے درمیان بات چیت پر مبنی ہے ۔ رانے کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ چیف منسٹر پاریکر نے گذشتہ ہفتہ منعقدہ کابینی اجلاس کے دوران کہا تھا کہ رافیل معاملت سے متعلق فائیل اور دیگر تمام دستاویزات ان کے کمرہ میں پڑے ہیں ۔ سرجے والا نے رانے کے حوالے سے کہا کہ ’’ چیف منسٹر ( پاریکر) نے یہ ایک انتہائی دلچسپ بیان دیا ہے کہ رافیل معاملت کے تمام دستاویزات میرے بیڈروم میں پڑے ہیں ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ ان کا تاوان کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں ‘‘ ۔ بی جے پی اگرچہ ان تمام الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ٹیپ غلط اور توڑ جوڑ پر مبنی ہے اور کانگریس اس مسئلہ پر جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے ۔ تاہم کانگریس ترجمان سرجے والا نے کہا کہ اب یہ واضح ہوگیا کہ ’’ چوکیدار ہی چور ہے ‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رافیل معاملت کے ڈھانچے اب خودبخود قبر سے باہر نکل رہے ہیں ۔ ایک نیا راز فاش ہوگیا ہے جس کو چوکیدار نے بڑی حفاظت سے چھپاکر رکھا تھا ۔ سرجے والا نے وزیراعظم مودی کے خلاف سخت لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ براہ راست آپ ( مودی) کے خلاف شخصی الزام ہے ۔