کسی ہوٹل کو لیز پر دینے یا فروخت کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔12 ستمبر(سیاست نیوز) فلک نما پیالس کے بعد پائیگاہ پیالس ہوٹل قائم کرنے تیاریاں کی جانے لگی ہیں! حکومت کی جانب سے پائیگاہ پیالس کی جہاں فی الحال امریکی قونصل خانہ ہے گچی باؤلی منتقلی کے بعد اس کو کسی ہوٹل کیلئے لیز پر دینے یا فروخت کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ امریکی قونصل خانہ کی مستقل عمارت جو کہ گچی باؤلی میں زیر تعمیر ہے اس میں آئندہ سال کے وسط میں منتقلی کے امکانات ہیں لیکن بیگم پیٹ میں وسیع و عریض پائیگاہ پیالس کی عمارت جو 4ایکڑ رقبہ پر محیط ہے اس کے حصول کیلئے محکمہ بلدی نظم و نسق کوشش کر رہا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ محکمہ بلدی حکومت سے احکام مل چکے ہیں کہ وہ امریکی قونصل خانہ سے عمارت کے حصول کے ساتھ ہی اسے جی اے ڈی کے حوالہ کرنے کو یقینی بنائیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اس تاریخی عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ 400 کروڑ سے زائد مالیت کی کو لیز یا فروخت کا ارادہ ہے۔ اس سے قبل اس عمارت میں حیدرآباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا دفتر ہوا کرتا تھا ۔ 1975 سے 2008 تک اس میں اتھاریٹی کا دفتر تھا لیکن 2008 میں یہاں امریکی قونصل خانہ کا قیام عمل میں لایا گیا اور قونصل خانہ کے قیام کے بعد اس عمارت کی آہک پاشی و نگہداشت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی جس کے نتیجہ میں یہ عمارت مزید مستحکم اور معروف ہوچکی ہے ۔ اب اس کو محکمہ بلدی نظم و نسق کے زیر انتظام رکھنے کی بجائے حکومت اس عمارت کے حصول کا ارادہ رکھتی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ عمارت کی منتقلی سے محکمہ میں مایوسی ہے کیونکہ محکمہ کی جانب سے دفتر معتمدی کے علاوہ وزیر کے دفتر کو اس میں منتقل کرنے کی حکمت عملی تھی لیکن حکومت کی جانب سے اس جگہ کو خانگی ہوٹل کیلئے لیز پر دینے یا فروخت کرنے کے منصوبہ نے محکمہ کے عہدیداروں کو مایوس کردیا ہے۔M