صرف ضروری عملہ کو برقرار رکھا جائے ۔ ممکنہ حد تک تخفیف کی جائے ۔ مرکز کی ہدایات
حیدرآباد 12 اگسٹ ( سیاست نیوز ) وزارت دفاع نے ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کو اپنے عملہ میں کٹوتی اور تخفیف کی ہدایت دی ہے اور کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے حدود میں واقع سیول علاقوں کیلئے صرف اتنے ہی عملہ کو برقرار رکھیں جن کی خدمات آبادی کے تناسب کے اعتبار سے ضروری ہو ۔ وزارت دفاع نے کنٹونمنٹ بورڈز سے کہا ہے کہ وہ اپنے عملہ کی ضروریات سے وزارت کو اندرون چار یوم واقف کروائیں۔ یہ اعلامیہ ڈائرکٹوریٹ جنرل ڈیفنس اسٹیٹس کے اسسٹنٹ ڈی جی ( کنٹونمنٹس ) دمن سنگھ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ۔ اس میں ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی حالت میں کنٹونمنٹ بورڈز کو اضافی عملہ کو برقرار نہیں رکھا جانا چاہئے جس کی وجہ سے سرکاری خزانہ پر بوجھ عائد ہو رہا ہے ۔ یہ احکام سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے عملہ کیلئے بھی الجھن کا باعث بن گئے ہیں اور یہاں کا عملہ بھی اپنے مستقبل کے تعلق سے اندیشوں کا شکار ہوگیا ہے ۔ ایک ملازم کا کہنا تھا کہ ہمیں جو اندیشے تھے اب وہ سچ ثابت ہو رہے ہیں۔ مستقبل کی ملازمت مشکل نظر آ رہی ہے کیونکہ یہ پتہ نہیں کہ کس کو برقرار رکھا جائیگا اور کس کو برخواست کیا جائیگا ۔کس کا کہاں تبادلہ کیا جائیگا اور عملہ کی تعداد کیا ہوگی ۔ کنٹونمنٹ ملازمین سے ایک اجلاس منعقد کرکے مستقبل کے تعلق سے غور و خوض کئے جانے کا بھی امکان ہے ۔ وزارت دفاع کے حکمنامہ میں ہدایت دی گئی کہ اسٹاف کو زیادہ سے زیادہ حد تک کم کرنے تمام دفتری کاموں جیسے انتظامیہ ‘ اکاؤنٹنگ اور جنرل ڈیوٹیز کو بھی ایک دوسرے میں ضم کردیا جائے ۔
