سری نگر: جموں وکشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی یونٹ کے صدر رویندررینا نے اتوار کے روز کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی 50 سے زائد سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ آنے والے چھ سے آٹھ ماہ کے اندر اندر جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو ہونگے ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے ریاسی میں پارٹی ورکروں سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ آنے والے اسمبلی چناو میں بی جے پی کامیابی حاصل کرئے گی اور یقینا اس دفعہ وزیر اعلیٰ بھی بھاجپا کا ہی ہوگا۔اُن کے مطابق حد بندی کا کام مکمل ہونے کے بعد چھ سے آٹھ ماہ کے اندرا ندر جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں بھاجپا کی لہر ہے اوراس کا اثر جموں وکشمیر کے چناو پر بھی پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ دوسری پارٹیوں کے روح رواں تھے وہ آج بھاجپا میں شامل ہو رہے ہیں۔ مسٹر رینا نے بتایا کہ جموں اور کشمیر دونوں صوبوں میں بھاجپا کی لہر ہے اورلوگ جوق در جوق اس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب کی بار جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتاپارٹی پچاس سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔