اب گھر بیٹھے ووٹر شناختی کارڈ کا پرنٹ حاصل کیجئے

   

۔25 جنوری کو آغاز، موبائیل پر تفصیلات کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے
حیدرآباد: الیکشن کمیشن نے عوام کو گھر بیٹھے ووٹر شناختی کارڈ کا پرنٹ حاصل کرنے کی سہولت کا فیصلہ کیا ہے۔ 25 جنوری کو قومی ووٹرس ڈے کے موقع پر الیکٹرانک الیکٹورل فوٹو شناختی کارڈ (e-EPIC) کا آغاز کیا جائیگا۔ اس کے ذریعہ ووٹرس اپنے رجسٹرڈ موبائیل پر نہ صرف ووٹر شناختی کارڈ کا مشاہدہ کرسکتے ہیں بلکہ پرنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر ششانگ گوئل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹرس کی سہولت کیلئے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔ عوام کو شناختی کارڈ اور دیگر تفصیلات کیلئے سرویس سنٹرس جانا ضروری نہیں رہیگا ۔ تلنگانہ میں ووٹرس کے ناموں کی شمولیت اور اعتراضات و تجاویز کی سماعت میں ریونیو ایمپلائیز نے اہم رول ادا کیا ۔ 15 جنوری کو قطعی ووٹر لسٹ جاری کردی گئی ۔ ششانگ گوئل نے آر ڈی اوز و تحصیلدار کے ساتھ اجلاس میں ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے تجربات جاننے کی کوشش کی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ووٹر لسٹ سے ناموں کے اخراج کے سلسلہ میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ ایسے افراد جو اپنا مقام تبدیل کرچکے ہیں، ان کے ناموں کو فہرست سے علحدہ کرنے کمیشن کو سافٹ ویر ڈیولپ کرنا چاہئے ۔ حکام نے ووٹر لسٹ کی درخواستوں کی یکسوئی کیلئے زیادہ وقت دینے کی تجویز پیش کی ۔ ششانگ گوئل نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ 25 جنوری کو نیشنل ووٹرس ڈے تقاریب میں عوامی نمائندوں کو مدعو کیا جائے ۔