اتحاد ریالی پر صدر تحریک مسلم شبان کے الزامات بے بنیاد

   

کسی بھی پولیس عہدیدار نے ریالی کا تیقن نہیں دیا تھا : حیدرآباد سٹی پولیس کا بیان
حیدرآباد ۔ /8 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ سٹی پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی پولیس عہدیدار نے تحریک مسلم شبان کے ذمہ داران کو ریالی کی اجازت دینے کا تیقن نہیں دیا تھا اور اس کے باوجود بھی مشتاق ملک نے سینئر پولیس عہدیداروں کے خلاف حقائق کو توڑ مروڑ کے پیش کرتے ہوئے غلط اور بے بنیاد بیان جاری کیا ۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سٹی پولیس کے عہدیدار قوانین کے مطابق ریالی ، جلسے جلوس کی درخواستوں پر غور کرتے ہوئے متعلقہ فیلڈ آفیسر سے رپورٹ طلب کی جاتی ہے ۔ گراؤنڈ رپورٹ حاصل کرنے کے بعد ہی درخواست پر فیصلہ کیا جاتا ہے ۔ عنقریب منعقد ہونے والے گنیش تہوار کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں سے گنیش کی مورتیوں کی منتقلی کا آغاز ہوچکا ہے اور اس سلسلہ میں ریالی کی اجازت نامناسب ہے ۔ /8 ستمبر کو نکالے جانے والی یونٹی ریالی کیلئے پولیس کے کوئی عہدیدار نے بھی اس سلسلہ میں تیقن نہیں دیا تھا اور پولیس پر جانبداری کا الزام غلط ہے۔B