حیدرآباد : /7 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے تحریک مسلم شبان کی جانب سے /8 ستمبر کو پرانے شہر سے نکالی جانے والی اتحاد ریالی کیلئے اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس اور آئندہ چند دنوں میں منعقد ہونے والے گنیش تہوار کے پیش نظر اتحاد ریالی کی اجازت مسترد کردی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں تحریک مسلم شبان کے صدر مشتاق ملک نے تلنگانہ حکومت اور ریاستی پولیس پر جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر کے تاریخی چارمینار کے پاس جلسہ عام کی اجازت دی جبکہ اتحاد ریالی کیلئے اجازت دینے سے انکار کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ریالی کے انعقاد کو عارضی طور پر ملتوی کیا جارہا ہے اور وہ سٹی پولیس کے احکام کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہوں گے ۔ مشتاق ملک نے کہا کہ انہوں نے ریالی کے انعقاد کیلئے /3 ستمبر کو حیدرآباد پولیس میں درخواست داخل کرتے ہوئے چارمینار تا قلی قطب شاہ اسٹیڈیم ریالی نکالنے کی اجازت طلب کی تھی ۔ بعد ازاں حیدرآباد پولیس کے سینئر عہدیداروں نے درخواست میں تبدیلی کرنے کا مشورہ دیا اور اس ریالی کو گلزار حوض سے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم نکالنے کا مشورہ دیا ۔ جس پر تحریک کے ذمہ داران نے تازہ درخواست داخل کی تھی لیکن آج اچانک پولیس نے اجازت دینے سے انکار کردیا ۔B
