اتحاد و اتفاق اور سماجی ہم آہنگی پر زور : عظمت اللہ حسینی

   

گمبھی راؤپیٹ، سرسلہ22 مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)گمبھی راوپیٹ ٹاؤن کی عیدگاہ میں عیدالفطر کی نماز صبح ساڑھے 9.30بجے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز اور خطبہ کے فرائض خطیب و امام جامع مسجد، حافظ ابو الکلام نے انجام دیے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ماہِ مقدس رمضان المبارک کی اہمیت، تقویٰ، صبر اور اخوت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو اس ماہ کی برکتوں کو اپنی عملی زندگی میں برقرار رکھنے کی تلقین کی۔حسبِ روایت تلنگانہ وقف بورڈ کے چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے اپنے آبائی مقام گمبھی راوپیٹ تشریف لائے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں حاضرین پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے مقامی اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔نماز کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ عیدگاہ میں بڑی تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر عیدگاہ کے ذمہ داران، معززینِ شہر اور عوام کی کثیر تعداد موجود رہی۔ انتظامیہ کی جانب سے نماز کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے تھے جس پر عوام نے اطمینان کا اظہار کیا۔