اتحاد و یکجہتی کے فروغ کیلئے مشاعرہ معاون

   

نارائن پیٹ میں مشاعرہ ، کلکٹر کا خطاب ، توصیفی اسناد کی تقسیم

نارائن پیٹ ۔ نارائن پیٹ ضلع مستقر پر ملک کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر 75 ہفتہ طویل تقاریب کے طور پر سورنہ بھارت امروتو مشاعرہ کا ضلع کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع کلکٹر شریمتی ہری چندنا کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔ ضلع بھر سے 47 تلگو ، ہندی اور اردو شعراء اکرام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر شریمتی ہری چندنا نے بتایا کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی ہدایت پر آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر سال بھر جشن منایا گیا ۔ اس موقع پر نارائن پیٹ ضلع سطح پر مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی ایک چھوٹی سی اطلاع پر بڑی تعداد میں ہندی ، تلگو اور اردو شعراء جمع ہوں گے اور اپنے زرین خیالات منظوم طور پر پیش کرکے شہدائے آزادی کو اتنی زبردست خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ شاعری کے ذریعہ آپ لوگ ضلع کا نام اُنچا کریں گے اور تمام شعبوں میں ترقیاتی کاموں میں آپ لوگ کا تعاون رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی شاعری اور تحریروں سے جو ماحولیات اور خواتین کو بااختیار بنانے میں مرکوز رہی ہیں ۔ مختلف زاویوں سے انسان کو سوچنے پر مجبور کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دیانتداری ، مساوات ، اتحاد یکجہتی اقدار پر مبنی روایات کو فروغ دینے کیلئے آپ کی شاعری اور تحریری بہت بہترین کام کریں گی ۔ تمام شعراء کو اس موقع پر توصیفی سند اور شال اور کثیر زر پیش کیا گیا ۔ مشاعرہ کا افتتاح شمع جلاکر کیا گیا ۔ اس مشاعرہ میں اڈیشنل کلکٹر مسٹر چندرا ریڈی ، ضلع پریشد صدرنشین نارائن پیٹ شریمتی وناجہ صدرنشین بلدیہ انسویا چندرکانت ، آر ڈی او مسٹر سرینواسلو و دیگر عہدیداران اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی ۔