پٹنہ:بہار کی سیاست میں اس بات کو لے کر کافی بحث ہورہی ہے کہ چراغ پاسوان کی پارٹی ایل جے پی (رام ولاس) ایک بار پھر این ڈی اے اتحاد میں شامل ہو گی یا اس سے الگ راہ اختیار کرے گی۔ بی جے پی نے 18 جولائی کو دہلی میں این ڈی اے کی میٹنگ بلائی ہے، جس میں چراغ پاسوان کی شرکت کا امکان ہے۔ ان سب کے درمیان چراغ پاسوان نے اتوار کے روز پارٹی کی میٹنگ طلب کی۔ اس میں پارٹی لیڈروں نے متفقہ طور پر چراغ پاسوان کو اتحاد پر فیصلہ لینے کا اختیار دیا۔
میٹنگ کے بعد ایل جے پی (رام ولاس) کے قومی جنرل سکریٹری ارون کمار نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں قومی صدر چراغ پاسوان نے پارٹی کے لیڈروں کے ساتھ اتحاد پر تبادلہ خیال کیا۔ ’بہار فرسٹ۔ بہاری فرسٹ‘ کی قرارداد کو آگے بڑھاتے ہوئے پارٹی لیڈروں نے اتفاق رائے سے چراغ پاسوان کو اتحاد کا فیصلہ لینے کا اختیار دیا ہے۔