چیف منسٹر بنگال نے خود کمیونسٹوں کو کمزور کیا : سدھاکر ریڈی
حیدرآباد 27 جون ( پی ٹی آئی ) سینئر کمیونسٹ رہنما ایس سدھاکر ریڈی نے آج چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کی اس اپیل کو بے معنی قرار دیا ہے کہ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کو ان کی پارٹی ے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے بی جے پی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ ممتابنرجی نے کل ایک بیان جاری کرتے ہوئے اپوزیشن کانگریس اور سی پی ایم سے اتحاد کی اپیل کی تھی تاہم ان دونوں جماعتوں نے ان کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی پالیسیاں ہی بی جے پی کے فروغ کی ذمہ دار ہیں۔ سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری سدھاکر ریڈی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ بائیں بازو کی جماعتوں کو اب بھی دشمن سمجھتی ہیں سیاسی مخالف نہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں کمیونسٹ پارٹیوں کے سینکڑوں دفاتر پر ترنمول کا قبضہ ہے اور 100 سے زائد افراد کو ہلاک کردیا گیا ہے ۔ کئی ہزار کو گاووں سے باہر کردیا گیا ہے ۔ اب بھی اس طرح کے حملے جاری ہیں۔ اس پس منظر میں چیف منسٹر کی اپیل بے معنی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بنگال میں ترنمول کانگریس کی جانب سے کمیونسٹوں پر حملے کئے جا رہے ہیں اور انہیں تباہ کیا جا رہا ہے ۔
