اتحاد کے شرکاء سے ’اَنا‘ ترک کردینے تیجسوی یادو کا زور

   

پٹنہ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ’’مہا گٹھ بندھن‘‘ میں نشستوں کی تقسیم کو قطعیت دینے میں تاخیر پر برہم آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے عظیم اتحاد کے شرکاء کو انتباہ دیا کہ اگر وہ اپنی اَنا ترک کردینے کے لئے تیار نہیں ہیں اور زور دیتے ہیں کہ چند مزید نشستیں ان کی پارٹی کے لئے مختص کی جائیں تو ملک کے عوام اُنھیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ راشٹریہ جنتادل کے امکانی جانشین کا یہ تبصرہ ایک ایسے وقت منظر عام پر آیا ہے جبکہ پہلے مرحلہ کے لوک سبھا انتخابات کے لئے 48 گھنٹوں سے کچھ زیادہ وقت باقی ہے لیکن عظیم اتحاد نے نشستوں کی تعداد کا ہنوز اعلان نہیں کیا ہے جن پر مختلف انتخابی حلقوں سے اُس کے امیدوار مقابلہ کریں گے۔ تیجسوی یادو نے کہاکہ ملک کا دستور ایسے بحران کا شکار ہے جیسا کہ قبل ازیں دیکھا نہیں گیا۔ اگر اپوزیشن حکمت عملی کی کوئی غلطی کرتا ہے تو کوئی نہیں جانتا کہ کیا آئندہ انتخابات میں اُس کا کوئی مستقبل ہوگا یا نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چند نشستوں کے اضافہ کے لئے وہ دوسروں کی نشستوں میں کمی کررہے ہیں حالانکہ عظیم اتحاد کسی کو بھی اَنا پرستی کی اجازت نہیں دیتا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کے عوام دستور کے مطابق اُنھیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ قبل ازیں دن میں سابق چیف منسٹر اور ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جتن رام مانجھی جو نشستوں کی تقسیم کے طریقے سے اور اُن کی پارٹی کے لئے مختص نشستوں کی تعداد پر برہم تھے، کہا تھا کہ وہ عظیم اتحاد کو پانچ نشستوں کی ایک فہرست پیش کرنے والے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ قبل ازیں اُنھیں عظیم اتحاد سے جواب مل گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پارلیمانی بورڈ میں اُن کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔