اتراکھنڈمیں نرس کی عصمت ریزی وقتل

   

دہرادون: اتراکھنڈ کے ایک پرائیویٹ ہاسپٹل سے اتر پردیش کی سرحد کے قریب اپنے گھر واپسی کے دوران ایک نرس کا عصمت ریزی کے بعد قتل کر دیا گیا۔وہ 30 جولائی کی شام کو ہاسپٹل سے نکلی اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں رودرا پور کے اندرا چوک سے ای رکشہ لیتے ہوئے دیکھی گئی لیکن وہ اتر پردیش کے بلاس پور میں کاشی پور روڈ پر اپنے کرائے کے مکان تک نہیں پہنچی جہاں وہ اپنے 11 سالہ بچے کے ساتھ رہی ہے۔ اگلے دن اس کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی گئی۔ آٹھ دن بعد 8 اگست کو، اتر پردیش پولیس کو اس کی نعش ڈبڈیبا گاؤں میں اس کے گھر سے تقریباً 1.5 کلومیٹر دور ایک خالی پلاٹ میں ملی۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس ٹیم تشکیل دے دی۔ انہوں نے متاثرہ کے چوری شدہ موبائل فون کا سراغ لگایا جس کی وجہ سے وہ ملزم دھرمیندر کے پاس پہنچ گئے۔ اتر پردیش کے بریلی سے تعلق رکھنے والے یومیہ مزدوری کرنے والے ملزم کو چہارشنبہ کو راجستھان سے گرفتار کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ دھرمیندر، جو نشے میں تھا نے متاثرہ کو دیکھا، اس کا پیچھا کیا اور اس پر حملہ کیا قریبی جھاڑیوں میں گھسیٹ کر لے گیا۔