اتراکھنڈ اقلیتی تعلیم بل 2025 کوگورنر کی منظوری

   

دہرادون۔ 7 اکتوبر (ایجنسیز) اتراکھنڈ کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل گرمیت سنگھ (ریٹائرڈ) نے اتراکھنڈ اقلیتی تعلیم بل 2025 کو منظوری دے دی ہے، جس کے نافذ ہونے کے بعد صوبے میں مدرسہ بورڈ ختم ہو جائے گا اور تمام اقلیتی تعلیمی اداروں کیلئے ایک یکساں قانون نافذ ہوگا۔وزیر اعلیٰ پُشکر سنگھ دھامی نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ گورنر کی منظوری کے ساتھ ہی اس بل کے قانون بننے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ”اس قانون کے تحت اقلیتی برادریوں کے تعلیمی نظام کیلئے ایک اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جو اقلیتی تعلیمی اداروں کو منظوری دینے کا کام کرے گی۔ بل کے تحت صوبہ میں مسلم برادری کے ساتھ ساتھ دیگر اقلیتی برادریوں سکھ، جین، بدھ، عیسائی اور پارسی کے تعلیمی اداروں کو بھی اقلیتی تعلیمی ادارے کا درجہ حاصل ہوگا۔اب تک اقلیتی اداروں کی منظوری صرف مسلم برادری تک محدود تھی۔ اس بل میں ایک ایسی اتھارٹی کے قیام کی شق شامل ہے جس سے تمام اقلیتی برادریوں کے قائم کردہ تعلیمی اداروں کیلئے منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔