رائے پور۔30نومبر ( ایجنسیز )اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں آج اتوار (30 نومبر) کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.7 تھی۔ یہ جھٹکے صبح 10.27 بجے محسوس کئے گئے جس کے بعد مقامی لوگوں میں افرا تفری مچ گئی اور لوگ محفوظ جگہ کی طرف دوڑتے نظر آئے۔چمولی میں اس زلزلے کے حوالے سے مقامی باشندوں نے بتایا کہ جھٹکے صرف چند سیکنڈ کیلئے محسوس کیے گئے جس سے لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر الرٹ جاری کردیا ہے اور امدادی ٹیموں کو تیار رہنے کو کہا ہے۔ فی الحال کہیں سے کوئی جانی یا مالی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ رواں ماہ 9 تاریخ کو بھی اتراکھنڈ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ 9 نومبر کو چمولی ضلع کے تھرالی اور باگیشور میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ جھٹکوں کا احساس ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر بھاگنے لگے۔ کچھ ہی دیر میں زلزلے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ دیر تک گھر سے باہر رہے۔
